حیدرآباد،7؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) تلنگانہ کے وزیر جنگلات اندراکرن ریڈی نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت کسانوں کے تئیں ضدی رویہ دکھا رہی ہے۔ وزیر اندرا کرن ریڈی ضلع نرمل کے سون منڈل میں دھان کی خریداری کے مرکز کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اندراکرن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلی کے چندرشیکھرراؤ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اختراعی اسکیمات متعارف کروائی ہیں۔ رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ، زرعی مقاصد کے لئے 24 گھنٹے معیاری مفت بجلی اور آبپاشی کے پراجیکٹس مکمل کیے گئے ہیں، جس کے نتیجہ میں ریاست میں بہتر فصلیں پیدا ہو رہی ہیں۔
اندراکرن ریڈی نے کہا کہ فصل کی فروخت کے تئیں مرکزی حکومت کا رویہ سازگار نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اناج کی خریداری کے معاملے میں غیر ذمہ داری سے کام لے رہی ہے۔
وزیراعلی نے اس مسئلہ پر بات چیت کے لئے دہلی کا دورہ کیا اور اس مسئلہ کو مرکزی حکومت کے عہدیداروں کے سامنے اٹھایا لیکن انہوں نے اپنا رویہ نہیں بدلا۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ساڑھے چار سال کے لیے کافی اناج ہے اور وہ موجودہ طور پر دھان نہیں خرید سکتے، اسی لئے کسانوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ متبادل کاشت کریں۔